ذی وقار شعرائے کرام اور معزز سامعین عظام،
عید میلاد النبی ﷺ مبارک!
میں ایک خوب صورت اور معیاری بین الاقوامی نعتیہ مشاعرے کی تکمیل پر آپ سب کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آپ نے بارگاہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں پر جوش خراجِ عقیدت پیش کر کے نہ صرف حب نبوی کا اظہار کیا بلکہ ’بزم غزل‘ کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ بھی کیا۔ یہ نہایت فخر و انبساط کی بات ہے کہ صرف پانچ ماہ کے قلیل عرصے میں ’بزم غزل‘ نے کئی منزلیں طئے کر لی ہیں اور اس کی ہر منزل ایک نشان راہ ثابت ہو رہی ہے۔اردو زبان اور شاعری کے فروغ کی تاریخ جب بھی نئے سرے سے مرتب کی جائے گی مجھے یقین ہے کہ مورخ ’بزم غزل‘ اور اس کی سرگرمیوں کو فراموش نہیں کر سکے گا۔
حضرات! ربیع الاول کا مہینہ قمری سال کا وہ تیسرا مہینہ ہے جس سے انسانیت کی باد بہاری چلی۔اِس کی آمد انسان کے شرف و اعزاز اور انسانیت کے عز و افتخار کی یاد دلاتی ہے۔ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری رواں دواں قافلہ انسانیت کے لئے مینارہ نور بنی، جس کی روشنی میں انسانی قافلہ چلتا رہے گا۔”انک لعلیٰ خلق عظیم“ اور ”وما ارسلنک الا رحمة للعالمین“ کے صفات سے متصف ہمارے نبی کی پوری زندگی عفو و درگزر، رحم و کرم اور شفقت و دلداری کی آئینہ دار ہے۔آپ ﷺ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ سارے جہان کے لئے رحمت ہیں۔ اسی لئے قرآن کریم نے آپ کو بنی نوع انسانیت کے لئے رحمت اللعالمین بتایا ہے اور پھر آپ کو ساری انسانیت کے لئے قابل تقلید نمونہ قرار دیتا ہے۔مگر افسوس کہ ہم نے سب سے مکمل اور کامل نمونئہ حیات کی طرف سے صرف نظر کر لی ہے۔ آج جبکہ ساری دنیا میں میلاد النبی کا جشن منایا جا رہا ہے اور ان کی یاد میں شعری و نثری محفلیں آراستہ ہو رہی ہیں کیا یہ بہتر نہ ہوگا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنے خلوت خانہ قلب میں بھی کچھ دیر کے لئے ذکر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محفل گرم کریں اور عہد کریں کہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے نظام حیات کو اپنے سینوں سے لگائیں گے۔ یہی اصل ایمان ہے اور اسی میں فلاح و نجات ہے
قوت عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں نام محمد سے اجالا کر دے
میں اس خوب صورت نعتیہ مشاعرے کے انعقاد کے لئے تمام اراکین ”بزم غزل“ کا شکریہ ادا کرتا ہوں بالخصوص اس کے بنیاد گزار جناب ایم آر چشتی، محترم احمد اشفاق، ڈاکٹر منصور خوشتراور میرے بہت عزیز کامران غنی صبا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس بابرکت محفل کے لئے مجھ جیسے گنہ گار کو عہدہ صدارت کا اعزاز عطا کیا۔ اللہ انہیں زندگی میں ہمیشہ خوش اور کامران رکھے۔
شہاب ظفر اعظمی
نیو عظیم آباد کالونی، پٹنہ(بہار)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں